پاکستان کے صوبہ پنجاب میں رحیم یارخان کے علاقے بھونگ میں گیس کی پائپ لائن میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی ،فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں اور واٹر باوزر آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔
دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق سوئی سے قادر آباد جانے والی 36 انچ قطر گیس پائپ لائن میں آگ لگی۔ گیس پائپ لائن پھٹنے کی وجہ تاحال معلوم نہ ہوسکی۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بھونگ اور بستی کمام میں نصب گیس کے وال بند کردئیے گئے، جس سے رحیم یارخان کے بیشتر علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی، جب کہ آگ پر 4 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا ہے۔
آگ نے قریبی گنے کی فصل اور باغ کو بھی لپیٹ میں لیا، جب کہ قریبی آبادی نے گھر خالی کر دیئے۔
فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیوں اور واٹر باوزر نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔ 36انچ قطر کی گیس پائپ لائن زیر زمین گزر رہی تھی۔
واضح رہے کہ ایشیا کا سب سے بڑا گیس ٹرمینل بھی اسی علاقے میں ہی موجود ہے۔