بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی ثناء بلوچ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے بی این پی کے امیدوار کی حمایت نہ کرکے ہمیں مایوس کیا، 16 تاریخ کو پارٹی کے اجلاس میں وفاق میں تحریک انصاف کے حمایت سے علیحدہ ہونے پر غور کرینگے ۔
گزشتہ روز سینیٹ انتخابات کے موقع پر بلوچستان اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی ثناء بلوچ نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے وفاق میں حمایت کے بدلے تحریک انصاف کو بلوچستان کے حقوق اور مسائل کے حل سے متعلق مطالبات پیش کئے اور ہم توقع کررہے تھے کہ تحریک انصاف وفاق میں دونوں جماعتوں کے اتحاد کو مضبوط کرنے کیلئے بلوچستان سے متعلق معاملات میں پیش رفت کرکے معاہدہ کی پابندی کریگی۔
انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے سینیٹر سردار اعظم موسیٰ خیل کے انتقال سے خالی ہونے والے سینیٹ کی نشست پر تحریک انصاف نے بی این پی کے امیدوار کو ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی تھی جس پر عملدرآمد نہ کرکے تحریک انصاف نے ہمیں مایوس کیا ۔
انہوں نے کہا کہ وفاق میں تحریک انصاف کی حمایت سے دستبرار ہونے کے فیصلے پر16 جنوری کو ہونے والے پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے اجلاس غور کیا جائیگا ۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات میں تحریک انصاف بی این پی کے امیدوار کی حمایت کرتی تو یقیناوفاق میں دونوں جماعتوں کے اتحاد میں مضبوطی اور استحکام آتا مگر گزشتہ روز حالیہ سینیٹ کے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف نے یقین دہانی کے باجود بلوچستان میں بی این پی اور اس کے اتحادی جماعتوں کی حمایت نہیں کی ۔