سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں 77 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔اسٹاک مارکیٹ سے پونے 3 ارب ڈالر نکل گئے۔
سٹیٹ بینک نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مالی سال 19-2018 کی پہلی ششماہی میں یکم جولائی سے 31 دسمبر کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں غیر معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے، گزشتہ 6 ماہ میں غیرملکی سرمایہ کاری 3 ارب ڈالر تک کم ہوئی ہے۔
سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ جولائی تا دسمبر کے دوران 90 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 3 ارب 95 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔جبکہ پی ٹی آئی حکومت کے پہلے چھ ماہ میں بیرونی سرمایہ کاری میں ریکارڈ کمی ہوئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ ماہ دسمبر 2018 میں 23 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔رپورٹ کے مطابق دسمبر میں 31 کروڑ 92 لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری ہوئی، اسٹاک مارکیٹ سے دسمبر میں 8.92 کروڑ ڈالر کا انخلا ہوا۔