سندھی قوم پرست رہنما اصغر شاہ کے گھر پر فورسز کا چھاپہ

289

سندھ کے شہر لاڑکانہ میں سندھی قوم پرست رہنما اصغر شاہ کے گھر پر فورسز کا چھاپہ، رشتہ دار گرفتار

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں سندھی قوم پرست رہنما اصغر شاہ کے گھر پر فورسز و خفیہ اداروں کی جانب سے چھاپہ مارا گیا۔ دوران چھاپہ خواتین و بچوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع لاڑکانہ کے شہر ڈوکری بائی پاس پر واقع قوم پرست رہنما اصغرشاہ کے گھر پر گذشتہ رات سندھ رینجرز، پولیس اور سول کپڑوں میں ملبوس خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے چھاپہ مارا۔ اس موقع پر سید محلے کے تمام گھروں کی تلاشی لینے سمیت ان کے بہنوئی راشد شاہ کو حراست میں لیا گیا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق دوران آپریشن فورسز نے گھروں میں اشیاء کی توڑ پھوڑ کی اور خواتین و بچوں سمیت دیگر افراد کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے قوم پرست رہنما اصغرشاہ اور اُن کے بچوں کے بارے میں تفتیش کی گئی۔

آج حراست میں لئے گئے راشد شاہ کو رہا کردیا گیا۔

واضح رہے اس سے قبل اصغر شاہ کے کزن عبدالستار شاہ کو سکھر سے گرفتاری بعد لاپتہ کردیا گیا تھا جنہیں بعد میں حیدر آباد کے قریب بائی پاس پر تشدد زدہ حالت میں چھوڑ دیا گیا تھا۔

سندھ کے قومپرست حلقوں کے مطابق سائیں جی ایم سید کے سالگِرہ کے قریب آتے ہی فورسز نے کراچی، حیدر آباد اور دیگر مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے متعدد سیاسی کارکنان کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔