خشک سالی و پانی کے مسائل کی حل کےلئے بیرونی قرضے لیں گے – بلوچستان حکومت

98

بلوچستان حکومت نے خشک سالی اور پانی کے کمی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے تقریباً چودہ ارب روپے کا غیرملکی قرضہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے جاپانی حکومت نے ستر کروڑ روپے کی امداد کی منظوری دیدی ہے۔

 دی بلوچستان پوسٹ رپورٹر کے مطابق   بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ قرضے اور امداد کی رقم سے صوبے کے دو بڑے سیلابی دریاؤں پر ڈیم اور زرعی منصوبے بنائے جائیں گے۔

بلوچستان حکومت نے صوبے میں جاری خشک سالی اور پانی کی کمی کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے غیرملکی قرضے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور صوبائی حکومت کے درمیان سوملین ڈالر یعنی تقریباً چودہ ارب روپے کے قرضے کے معاہدے پر دستخط کرلئے گئے۔

وزیراطلاعات بلوچستان ظہوربلیدی کا کہنا ہے کہ قرض کی رقم سے پانچ سالوں میں دریائے ژوب پر 210فٹ اونچا ڈیم بنایا جائیگا۔

وزیر اطلاعات بلوچستان ظہور احمد بلیدی کا مزید کہنا ہے کہ قحط سالی ختم کرنے کیلئے یہ منصوبے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔ ہم  ڈونر ایجنسیز اور عالمی ا داروں کی مدد سے مزید پراجیکٹ لیکر آئیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے سے پچاس ہزار ایکڑ کے قریب زرعی اراضی قابل کاشت بنائی جائے گی اور 11 ہزار ایکڑ رقبے پر محکمہ جنگلات کام کرے گی اور درخت لگائے گی۔ 

جاپانی حکومت نے بھی قحط سالی سے نمٹنے کیلئے بلوچستان حکومت کو ستر کروڑ روپے کی امداد دی ہے۔ صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ قرض اور امداد کی رقم سے خضدار اور ژوب ڈویژن میں آبپاشی اور زراعت کے دس سے زائد منصوبوں پر کام کیا جائیگا۔

بلوچستان حکومت ایشین ڈویلپمنٹ بینک کو قرض کی رقم پچیس سالوں میں واپس کرے گی۔