تین سال قبل حراست کے بعد لاپتہ ہونے والے شخص کی لاش بر آمد
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقے جھاؤ سے تین سال قبل لاپتہ ہونے والے ایک شخص کی لاش حب شہر سے برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حب سے گذشتہ رات ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جس کی شناخت الہی بخش ولد پیرجان سکنہ جھاؤ ڈولیجی کے نام سے ہوئی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کو 7مئی 2016 کو جھاؤ کے علاقے ڈولیجی سے پاکستانی سیکورٹی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا جن کی تین سال بعد لاش برآمد ہوئی ہے۔
یاد رہے بلوچستان میں لاپتہ افراد کے لواحقین کی جانب سے اپنے رشتہ داروں کو منظرعام پر لانے کے لیے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے علامتی بھوک ہڑتال جاری ہے۔
وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے مطابق بلوچستان میں ہونے والے فوجی آپریشن کے دوران چالیس ہزار افراد لاپتہ ہو چکے ہیں جن میں سے سینکڑوں افراد کی مسخ شدہ لاشیں مل چکی ہیں۔