بی ایس او کے لاپتہ مرکزی رہنما بازیاب

221

مرکزی قیادت کی بازیابی جمہوری رویوں کی فتح ہے- بی ایس او

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے جبری طور لاپتہ ہونے والے تین مرکزی رہنما بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق بی ایس او کے چئیرمین ظریف رند بلوچ، سیکریٹری جنرل چنگیز بزدار بلوچ اور سیکریٹری اطلاعات اورنگزیب بلوچ بازیاب ہو کر گھر پہنچ گئے۔

رہنماوں کی بازیابی کی تصدیق کرتے ہوئے بی ایس او کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بی ایس او کے مرکزی قیادت کی بازیابی ملکی آئین و قانون اور جمہوری رویوں کی فتح ہے۔

واضح رہے بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے چیئرمین ظریف رند بلوچ، مرکزی سیکریٹری جنرل چنگیز بلوچ، مرکزی سیکریٹری اطلاعات اورنگزیب بلوچ 5 دسمبر کو اس وقت جبری طور پر لاپتہ کردئیے گئے تھے جب وہ بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری جیئند بلوچ اور ان کے بھائی حسنین اور والد کی حراست بعد گمشدگی کے خلاف کوئٹہ میں مظاہرے کررہے تھے۔

رہنماوں کے جبری گمشدگی کو بی ایس او کے رہنماوں نے سازش قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ طلباء کی اغواء و گرفتاریاں پُرامن جمہوری جدوجہد کےراستوں کو بند کرنے کی سازش ہے جبکہ ان کا مزید کہنا تھا کہ تنظیم کے مرکزی رہنماوں سمیت دیگر ساتھیوں کو کوئٹہ جناح رووڈ سے دو گاڈیوں میں آکر مسلح لوگوں نے جبری طور پر لاپتہ کر دیا ہے۔

یاد رہے بی ایس او کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری جیئند بلوچ اور ان کے بھائی حسنین بلوچ تاحال بازیاب نہیں ہوسکے ہیں جنہیں 30 نومبر کو گھر پر رات تین بجے چھاپہ مار کر ان کے والد کے ہمراہ حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا۔