بی آر پی کا لندن میں آگاہی مہم اختتام پذیر

123

بلوچ ریپبلکن پارٹی کی جانب سے لندن میں ساتھ روزہ مہم چلائی گئی جس کا مقصد بلوچستان میں بڑھتی ہوئی جبری گمشدگیوں اور لاپتہ افراد کے مسخ شدہ لاشوں کے ملنے کے نا ختم ہونے والے سلسلے کو عالمی برادری کے سامنے لانا تھا۔

انیس جنوری کو لندن میں وزیرِ اعظم کے دفتر کے سامنے بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت ہلاکتوں اور جبری گمشدگیوں کے خلاف آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا تھا جو بروزِ ہفتہ اختتام پزیر ہوا۔

آگاہی مہم کے آخری دن ایک احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا جس کا مقصد بلوچستان میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا تھا جس میں پشتون تحفظ موومنٹ کے کارکنان نے بھی حصہ لیا۔ آگاہی مہم کی سربراہی بلوچ ریپبلکن پارٹی برطانیہ کے صدر منصور بلوچ کر رہے تھے۔

منصور بلوچ نے برطانوی حکومت سے اپیل کی  کہ  وہ بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جبری گمشدگیوں کے معاملے میں پاکستان پر دباو ڈالے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

یاد رہے کہ 2002 سے بلوچستان میں جاری فوجی آپریشن میں ہزاروں قوم پرست بلوچ کارکنان اور رہنماوں کو پاکستانی عسکری اداروں نے جبری طورپر لاپتہ اور شہید کیا ہے۔ بلوچ قوم پرست جماعتیں بیرون ممالک ریاستی مظالم کے خلاف وقتاََ فوقتاََ آواز بلند کرتے رہے ہیں۔

قوم پرست جماعتیں عالمی طاقتوں سے متعدد بار اپیل کرچکے ہیں کہ بلوچستان میں ریاستی مظالم کے خلاف پاکستان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں اور ہزاروں لاپتہ بلوچ کارکنوں کی بازیابی کے لیے کردار ادا رکریں۔