بلوچستان : سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب،پولنگ جاری

133
بلوچستان سے سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب آج ہو رہا ہے۔ یہ سیٹ پشتونخوا میپ کے اعظم موسیٰ خیل کی وفات سے خالی ہوئی تھی۔ پولنگ بلا تعطل شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔

انتخابی عمل کیلئے بلوچستان اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا ہے۔ اس موقع پر بلوچستان اسمبلی میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، سیکیورٹی کے لیے پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے جوان تعینات کیے گئے ہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار‬ کا کہنا ہے کہ پولنگ کا عمل صبح 9 سے بغیر کسی وقفے کے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔

سینیٹ الیکشن میں حکومتی جماعتوں کے حمایت یافتہ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے منظور احمد کاکڑ، اپوزیشن جماعتوں کے حمایت یافتہ بی این پی کے غلام نبی مری سمیت 5 امیدوار مدمقابل ہیں۔

واضح رہے کہ پشتونخوا میپ کے سینئر رہنما سردار محمد اعظم موسیٰ خیل 15 دسمبر 2018 کو عارضہ قلب کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

اعظم موسیٰ خیل مارچ 2015 میں بلوچستان سے جنرل نشست پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے جب کہ اس سے قبل وہ 2002 سے 2008 تک بلوچستان اسمبلی کے رکن بھی رہے۔