بلوچستان: دشت سے فورسز کے ہاتھوں ایک شخص لاپتہ

125

مذکورہ شخص کو فورسز نے چیک پوسٹ پر حراست میں لیا۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقے دشت شولی کے رہائشی کو فورسز نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

ذرائع کے مطابق دشت شولی کے رہائشی نسیم ولد عبدالعزیز کو اس وقت فورسز نے چگلی سنٹ چیک پوسٹ پر روک کر حراست میں لیا جب وہ خواتین و بچوں کے ہمراہ گوادر شہر جارہے تھے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کو آج ہی کے روز فورسز نے ایک چیک پوسٹ پر حراست میں لینے کی کوشش کی تھی جہاں خواتین و بچوں کے مزاحمت پر انہیں حراست میں نہیں لیا جاسکا تھا۔

بلوچستان میں جبری طور پر لاپتہ افراد کی خبریں تواتر سے موصول ہورہی ہے جبکہ دوسری جانب کوئٹہ پریس کلب کے سامنے لاپتہ افراد کے لواحقین احتجاج کررہے ہیں۔