کوئٹہ: ضمنی الیکشن میں حکومتی حمایت یافتہ امیدوار کامیاب

147

 بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26کوئٹہ تھری پر ہونیوالے ضمنی انتخابات میں حکومتی اتحاد کے حمایت یافتہ وہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار قادر نائل نے 5ہزار2سو72ووٹ لیکر کامیابی حاصل کرلی جبکہ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار مولانا ولی محمد ترابی4ہزار2سو57ووٹ لیکر دوسرے پررہے ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور ان کے اتحادیوں نے ضمنی انتخابات میں کامیابی پر جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا ۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی26کوئٹہ تھری پر ہونیوالے ضمنی انتخابات میں ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار قادر نائل نے5ہزار2سو72ووٹ لیکرکامیابی حاصل کرلی قادر نائل کو بلوچستان عوامی پارٹی ، عوامی نیشنل پارٹی، پیپلزپارٹی، جمہوری وطن پارٹی اور تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی جبکہ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار مولانا ولی محمد ترابی نے 4ہزار2سو57ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ۔

مولانا ولی محمد ترابی کو پشتونخواملی عوامی پارٹی ، بلوچستان نیشنل پارٹی ، پاکستان مسلم لیگ ن سمیت دیگر آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل تھی حلقہ پی بی 26کوئٹہ تھری پر ضمنی انتخاب کا عمل صبح8بجے سے شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی اس دوران مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر امن و امان کی صورتحال خراب رہی اور دو سیاسی جماعتوں کے دوران ہاتھا پائی اور جھڑپ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت8افراد زخمی ہوگئے تھے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

پولنگ اسٹیشنوں کی سیکورٹی پر فرنٹےئر کور بلوچستان اورپولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی تھی سیکورٹی پر مامور اہلکاروں اور کوریج کے لئے جانیوالے صحافیوں کو خصوصی پاسز بھی جاری کئے گئے تھے حلقہ پی بی 26کوئٹہ تھری کے 49پولنگ اسٹیشنوں میں 40احساس جبکہ9پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی احساس قرار دیا گیا تھا ۔

دریں اثناء کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 پر ضمنی انتخاب کے دوران دو مد مقابل سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم ہوا جس میں پولیس اہلکار سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔جھگڑے کے الزام میں سولہ کارکنوں کو گرفتارکرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق کرانی روڈ پر واقع شادیزئی پولنگ اسٹیشن کے باہر ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور مجلس وحدت مسلمین کے حامی کارکنوں میں جھگڑا ہوا جس کے دوران دونوں جانب سے ڈنڈوں اور چاقوؤں کا استعمال کیا گیا۔ جھگڑے میں کئی کارکن زخمی ہوئے۔

زخمیوں کو بولان میڈیکل ہسپتال پہنچایا گیا تو وہاں دوبارہ تصادم ہوااوردونوں جانب سے مزید کارکن زخمی ہوئے۔ بیچ بچھاؤ کے دوران پولیس سپاہی کریم نواز بھی زخمی ہوا۔ مجموعی طور پر تصادم میں سات سیاسی کارکن زخمی ہوگئے جن میں چھ کا تعلق ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اور ایک کا تعلق مجلس وحدت مسلمین سے بتایا جاتا ہے۔

پولیس کے مطابق ایچ ڈی پی کے زخمی کارکن محمد یونس کو دائیں آنکھ پر چاقو سے وار کیا گیا ہے جس کے باعث اسے شدید زخم آئے ہیں اور انہیں مزید علاج کیلئے بی ایم سی سے سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔

اے ایس پی صدر زوہیب محسن نے بتایا کہ جھگڑے کے الزام میں دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں اور رہنماؤں سمیت سولہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔گرفتار ہونیوالوں میں زخمی کارکن بھی شامل ہیں جنہیں پولیس حراست میں ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔