کیچ ضمنی انتخاب: الیکشن کمیشن نے باپ کے امیدوار کو کامیاب قرار دے دیا

243

کیچ کے حلقہ پی بی 47 تھری میں جمعرات کو ہونے والے ضمنی الیکشن کا حتمی نتیجہ الیکشن کمیشن نے جاری کر دیا، جس کے مطابق بی اے پی کے امیدوار لالا رشید کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتیجے کے مطابق باپ کے لالا رشید 9240 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے۔ جب کہ بی این پی کے میجر جمیل دشتی 5857 ووٹ کے ساتھ دوسرے اور نیشنل پارٹی کے فدا دشتی 3039 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے

واضح رہے کہ گذشتہ رات 60 میں سے 56 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج آنے تک بی این پی کے میجر دشتی کو پانچ سو سے زائد ووٹوں کی برتری حاصل تھی۔ البتہ ابھی حتمی نتائج آنا باقی تھے۔ جب کہ بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے رات گئے فتح کا اعلان کر دیا اور کیچ کے عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

جمعہ کی صبح البتہ الیکشن کمیشن نے حتمی نتیجہ جاری کر دیا جس کے مطابق بی اے پی کے امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔