کوئٹہ: ڈاکٹر شیخ ابراہیم کے بازیابی کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائے – ڈاکٹر تنظیموں کا مطالبہ

184

کوئٹہ میں بلوچستان ڈاکٹر تنظیموں کا ہنگامی اجلاس، ڈاکٹر شیخ ابراہیم خلیل کی فوری طور پر بازیابی کے لئے سخت احتجاج کی دھمکی

بلوچستان کے ڈاکٹر تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر شیخ ابراہیم خلیل کو فوری طورپر بازیاب کرایا جائے اگر حکومت نے مغوی ڈاکٹر کی بازیابی کے لئے اقدامات نہیں اٹھائے تو ڈاکٹر تنظیمیں سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگی جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی۔

پروفیسر ڈاکٹر غلام رسول کی سربراہی میں تمام ڈاکٹر تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو تمام تر صورتحال کو دیکھیں گے، بلوچستان ڈاکٹر تنظیموں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، بولان میڈیکل ٹیچر ایسوسی ایشن کا مشترکہ اجلاس بروز جمعہ منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے۔

اجلاس میں تمام تنظیموں کے ڈاکٹروں اور بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اور ہیلتھ سائنسز کی فیکلٹی اور اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس سے تنظیموں کے عہدیداروں اور سینئر اساتذہ نے اپنے خطاب میں گذشتہ شب بروز جمعرات کو نامعلوم اغواکاروں کی جانب سے یونیورسٹی کے شعبہ نیورسرجری کے سینئر فیکلٹی ممبر پروفیسر ڈاکٹر شیخ ابراہیم خلیل کے اغواء کی بھرپور انداز میں مذمت کرتے ہوئے حکومت بلوچستان کے قانون نافذ کرنیوالے اور سیکورٹی اداروں سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اگر حکومت اور اس کے متعلقہ اداروں نے اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر شیخ ابراہیم خلیل کو فوری طور پر اغواء کاروں کے چنگل سے بازیاب نہ کرایا تو ڈاکٹروں کی تمام تنظیمیں سخت مشترکہ عمل وضح کر کے بھر پور احتجاج کا اعلان کرے گی۔