کوئٹہ: ذاکر مجید بلوچ کی والدہ لاپتہ افراد کیلئے احتجاج میں شامل

453

اپنے بیٹے کی بازیابی کیلئے گذشتہ 9 سال سے انتظار کررہی ہوں – والدہ ذاکر مجید بلوچ

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پریس کلب کے سامنے جبری طور پر لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کی جانب سے قائم بھوک ہڑتالی کیمپ میں لاپتہ ذاکر مجید بلوچ کی والدہ شامل ہوگئی۔

ذاکر مجید کی والدہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے بیٹے کی بازیابی کیلئے گذشتہ 9 سال سے انتظار کررہی ہوں جو کرب و تکالیف سے بھرا دورانیہ رہا ہے۔

یاد رہے ذاکر مجید بلوچ بی ایس او آزاد کے سینئر وائس چیئرمین تھے جب وہ جبری طور پر لاپتہ کیے گئے۔

بی ایس او آزاد اور ذاکر مجید کے لواحقین کے مطابق انہیں ضلع مستونگ کے علاقے پڑنگ آباد سے 9 جون 2009 کو ریاستی فورسز و خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پے منتقل کردیا جو تاحال لاپتہ ہے۔