کیلی فورنیا: پیغام رسانی کی سب سے بڑی موبائل ایپلیکشن واٹس ایپ نے صارفین کی خواہشات کے عین مطابق گروپ فیچر متعارف کرادیا جس کے بعد کسی بھی نمبر کو بغیر اجازت گروپ میں مدعو نہیں کیا جاسکے گا۔
تفصیلات کے مطابق موبائل فون کی معروف مسیجنگ ایپلیکشن کے دنیا بھر میں کروڑوں صارفین موجود ہیں جن کو سہولیات اور آسانیاں فراہم کرنے کے لیے کمپنی مختلف اوقات میں نت نئے فیچرز اور سروسز متعارف کرواتی ہے۔
واٹس ایپ نے صارفین کی خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے سب سے اہم گروپ فیچر آزمائشی طور پر متعارف کرادیا۔
ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق واٹس ایپ کے صارفین کو یہ شکایت تھی کہ انہیں کوئی بھی دوسرا شخص کسی بھی گروپ میں ایڈ کرلیتا ہے اور گروپ چھوڑنے کے بعد بھی انہیں اسی طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ اُن کے دیگر احباب غیر متعلقہ گروپس بنا کر اُس میں مدعو کرتے ہیں جس کی وجہ سے صارف اکتاہٹ کا شکار ہوجاتا ہے۔
قبل ازیں واٹس ایپ گروپ میں مدعو کرنے کے دو طریقے تھے پہلا ایڈمن اور دوسرا لنک کی مدد سے صارفین کو بلایا جاتا تھا، صارف دوسرے آپشن پر تو کلک نہیں کرتا تھا مگر مجبوری تھی کہ اگر اُس کا کوئی دوست کسی گروپ کا ایڈمن ہے تو وہ بار بار دعوت دیتا ہے۔
گروپ میں مدعو کرنے کی دعوت نہیں ہوتی بلکہ جب آپ کو شامل کرلیا جاتا ہے تو اُس کے بعد پیغامات موصول ہونے شروع ہوجاتے ہیں۔
اب واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا جس کے تحت ایڈمن کسی بھی نمبر کو گروپ میں شامل نہیں کرسکے گا بلکہ اُسے باقاعدہ ایک پیغام موصول ہوگا جس کو منظور یا مسترد کیا جاسکے گا۔
علاوہ ازیں ایک ہی گروپ کو دو بار چھوڑنے والے شخص کو بھی ایڈمن دوبارہ مدعو مجاز نہیں ہوگا، کمپنی کی جانب سے اس پر پابندی لگادی جائے گی۔