منظور پشتین 90 دن تک بلوچستان نہیں آسکتے – محمکہ داخلہ

252

منظور احمد پشتون شعلہ بیانی اور نفرت انگیز تقاریر سے عوام کو ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف بھڑکاتے ہیں – محکمہ داخلہ بلوچستان

حکومت بلوچستان نے پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتون کے بلوچستان کے تمام اضلاع میں داخلے پر 90روز کی پابندی عائد کردی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور احمد محسود ولد عبدالودود کو شعلہ بیانی اور نفرت انگیز تقاریر سے عوام کو ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف بھڑکاتے ہیں جس سے امن و امان کی صورتحال مخدوش ہونے کا خطرہ لا حق ہے۔

اعلامیے کے مطابق منظور احمد پشتون حکومت بلوچستان کی جانب سے آئندہ 90 روز تک بلوچستان کے کسی بھی ضلع میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

واضح آج بروز سوموار منظور احمد پشتون کراچی سے کوئٹہ پہنچے تھے جہاں انہیں سکیورٹی حکام نے سکیورٹی وجوہات کی بناء پر روکتے ہوئے انہیں تین ساتھیوں کے ہمراہ قومی ائیر لائن کی پرواز سے دوبارہ کراچی روانہ کردیا۔

ذرائع کے مطابق منظور احمد پشتون کو وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز اور بلوچ ہیومن رائیٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقعے پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے احتجاج میں شریک ہونا تھا۔

دریں اثنا منظور احمد پشتون پر پابندی عائد کرنے کے خلاف پشتون تحفظ موومنٹ نے کل کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔