بلوچستان کابینہ کے اراکین پاک چین اقتصادی راہداری( سی پیک)منصوبوں کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ میں یہ انشکاف ہوا کہ سی پیک کے مجموعی حجم میں بلوچستان کا حصہ انتہائی معمولی ہے جبکہ گوادر کے علاوہ سی پیک کے منصوبوں میں کوئی کام بھی نہیں ہوا۔
سی پیک عہدیداران کی جانب سے بلوچستان حکومت کی دی جانے والی بریفنگ حال ہی میں عالمی بینک کے تعاون سے بنائی گئی تھی، پورے دن پر محیط اجلاس میں موجود ذرائع کے مطابق بریفنگ تقریباً 4 گھنٹوں پر مشتمل تھی۔
اجلاس میں 2 اہم انکشافات سامنے آئے جس میں سے ایک یہ کہ سی پیک کے مغربی حصے سے منسلک منصوبوں پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی جبکہ سی پیک کے مجموعی حجم میں بلوچستان کا حصہ انتہائی کم یعنی محض 9 فیصد ہے جو 5 ارب 50 کروڑ ڈالر کے مساوی ہے۔
مذکورہ رقم میں سے گزشتہ 4 سال کے دوران ایک ارب ڈالر خرچ کیے جاچکے ہیں جس میں 20 کروڑ روپے حب پاور پلانٹ کی مد میں خرچ ہوئے۔
فراہم کردہ تفصیلات پر بلوچستان کابینہ کے اراکین نے سی پیک کے اب تک ہونے والے اخراجات کو ’ایک مذاق‘ قرار دیا اور گزشتہ حکومت کی نالائقی پر برہمی کا اظہار کیا۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ بلوچستان میں بجلی کا حالیہ شارٹ فال 7 سو میگا واٹ ہے اور سی پیک کے توانائی منصوبوں میں گرڈ سے منسلک منصوبوں کے ثمرات بلوچستان تک نہیں پہنچے مزید یہ کہ مکران ڈویژن نیشنل گرڈ سے بھی منسلک نہیں۔
بریفنگ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ گذشتہ حکومت کے زیر بحث آنے والے دو منصوبوں کوئٹہ ماس ٹرانزٹ اور پی اے ٹی فیڈر ٹو کوئٹہ واٹر پروجیکٹ، پر نئی حکومت از سر نو غور کرے گی۔
ذرائع کے مطابق دونوں منصوبوں پر آنے والے اخراجات اور قرضوں کا بوجھ بلوچستان حکومت برداشت کرے گی جبکہ فزیبلیٹی رپورٹ میں منصوبوں کی لاگت بہت زیادہ ہے۔
مثال کے طور پر کوئٹہ ماس ٹرانزٹ کی لاگت 9 سو 12 ارب ڈالر ہے جو بلوچستان کے کل ترقیاتی بجٹ سے بھی زیادہ ہےجبکہ زمین کے حصول کی لاگت، بے گھر اور آبادکاری اور انکم ٹیکس و کسٹم ڈیوٹی اس میں شامال نہیں۔
کابینہ کو بتایا گیا کہ گوادر کے باہر مغربی حصے کے راستے کی سڑکوں پرکوئی ترقیاتی کام نہیں ہواجبکہ بلوچستان کا مغربی حصے کا نصف سے زائد باضابطہ طور پر سی پیک کا حصہ نہیں۔
کابینہ اراکین نے اس بات پر بھی برہمی کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت نے 2006 میں شروع کیے جانے والے ہوشاب ، بسیمہ سوراب سیکشن ، جسے مغربی حصے میں شامل دکھایا ۔
کابینہ اراکین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بلوچستان حکومت آئندہ آنے والے دنوں چین میں ہونے والی جوائنٹ کو آپریشن کمیٹی کے اجلاس میں صوبے کے لیے جرات مندانہ اقدامات اٹھائے گی۔