کاروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی ، شدت پسند ڈیرہ مرادجمالی اور جھل مگسی کے علاقے میں مواد اور بموں کو استعمال کرنا چاہتے تھے – سیکورٹی فورسز کا دعویٰ
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سرکاری ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ فورسز نے بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مرادجمالی اور جھل مگسی میں کاروائی کرتے ہوئے گولہ بارود برآمد کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری ذرائع نے دعویٰ کیا ہے نصیرآباد کی تحصیل چھتر کے علاقے میں سیکورٹی فورسز اور حساس اداروں کی کاروائی میں بھاری مقدار میں بارودی مواد اور بم برآمد کرکے ناکارہ بنادئے گئے ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر نصیرآباد کی تحصیل چھتر کے علاقے بکٹر میں کاروائی کرتے ہوئے 6 اینٹی ٹینک مائینز، دس کلو وزنی دو بم، 15کلو دھماکہ خیز مواد، دو دستی بم اور ایک آرپی جی سیو راونڈ برآمد کرکے ناکارہ بنادیا ہے۔
سیکورٹی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کاروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی اور شدت پسندوں کے منصوبے کو ناکام بنادیا گیا ہے، شدت پسند ڈیرہ مرادجمالی اور جھل مگسی کے علاقے میں کاروائی کی نیت سے مواد اور بموں کو استعمال کرنا چاہتے تھے ۔