بلوچستان: تحصیل نوکنڈی صحت کے سہولیات سمیت ڈاکٹروں سے محروم

859

پچیس ہزار کی آبادی لیڈی ڈاکٹر سمیت صحت کے سہولیات سے محروم، بچوں کی ویکسین کیلئے مشکلات کا سامنا

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے ضلع چاغی کی تحصیل نوکنڈی صحت کے سہولیات سے محروم ہے جبکہ پچیس ہزار لوگوں پر مشتمل آبادی کیلئے ایک بھی لیڈی ڈاکٹر موجود نہیں اور کئی تیکنیکی پوسٹیں بھی خالی ہیں،غریب علاقہ مکین علاج اور دیگر بنیادی طبی سہولیات کیلئے دوسرے شہروں کو جانے پر مجبور ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل نوکنڈی کے پچیس ہزار افراد کی آبادی لیڈی ڈاکٹر سمیت دیگر صحت کی سہولیات سے محروم ہیں۔ رورل ہیلتھ سینٹرکی ایکسرے مشین سمیت دیگر آلات کئی سالوں سے ناکارہ پڑے ہیں جس کے باعث مریضوں کو علاج کے لیے گھنٹوں کی مسافت تہہ کرکے دالبندین سمیت دیگر شہروں کو جاناپڑتا ہے۔ اس کے علاوہ ادویات کا کوٹہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے مریض پرائیویٹ میڈیکلوں سے مہنگے داموں دوائیاں خریدنے پر مجبور ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ سینٹر کے اکثر ٹیکنیکل اسٹاف ریٹائرہوچکے ہیں مگر ان پوسٹوں پر تاحال کوئی تعیناتی اور تقرری نہیں کی جاسکی ہے۔ بچوں کی ویکسین کے لیے اسٹاف کی کمی کی وجہ سے عملے کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا کہ تحصیل کی بڑھتی ہوئی آبادی کی تناسب کو مدنظر رکھ کر رورل ہیلتھ سینٹرکواپ گریڈ کرکے سول ہسپتال کادرجہ دیا جائے۔