بلوچستان:کیچ میں فورسز کا آپریشن، متعدد افراد گرفتاری بعد لاپتہ

456
File Photo

ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں گذشتہ کئی دنوں سے فوجی آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں فورسز کی جانب سے آپریشن کی جارہی ہے، فورسز نے گھروں پر چھاپوں کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پہ منتقل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے زامران، ناگ میں آج پاکستانی فورسز نے آپریشن کا آغاز کیا ہے جہاں دوران آپریشن فورسز گھروں کی تلاشی لے رہے ہیں۔

علاقائی ذرائع نے دی بلوچستان پوسٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ناگ سمیت دیگر علاقوں میں فورسز کی بڑی تعداد آپریشن کررہی ہے، دوران آپریشن فورسز نے چھپیس کے قریب افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پے منتقل کردیا ہے جبکہ فورسز گھروں میں لوٹ مار بھی کررہے ہیں۔

تاہم دوران آپریشن حراست میں لیے گئے افراد کے حوالے سے تفصیلات آنا باقی ہے۔

یاد رہے گذشتہ رات تگران اور زامران کے مختلف علاقوں میں آپریشن میں مصروف فورسز واپس ہوئے تھیں لیکن آج پھر سے دیگر علاقوں میں آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے۔

واضح رہے گذشتہ جمعے کو تحصیل بلیدہ کے علاقے واکئی میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر مسلح افراد نے حملہ کیا تھا جس میں ایف سی کے چھ اہلکار ہلاک اور فوج کا ایک افسر سمیت 14 ایف سی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی، بلوچستان لبریشن فرنٹ اور بلوچ ریبلکن گارڈ پے مشتمل الائنس “بلوچ راجی آجوئی سنگر” (براس) کے ترجمان بلوچ خان نے قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملے میں دو افسران سمیت دس اہلکار موقعے پر ہی ہلاک ہوئے اور دوطرفہ فائرنگ میں مزید ایک درجن سے زائد فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔