انڈونیشیا میں سونامی : 168 جانبحق جبکہ 500 سے زائد زخمی

164

انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں خوفناک سونامی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 168 تک پہنچ گئی جبکہ 500 سے زائد زخمی ہیں۔ زیادہ تر ہلاکتیں پینڈگلینگ، جنوبی لامپنگ اور سیرانگ نامی علاقوں میں ہوئیں ۔

اطلاعات کے مطابق مغربی جاوا کا ساحلی علاقہ تانجنگ لیسنگ بھی سونامی کی زد میں آنے سے نہ بچ سکا ۔

انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب آنے والے سونامی کے سبب مرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ جس قدر تباہی پھیلی ہے اس سے ہلاکتوں میں مزید خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ سونامی کی وجہ کراکاٹوا آتش فشاں کے پھٹنے سے زیر آب لینڈ سلائیڈنگ تھی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سونامی سے سینکڑوں گھر، نو ہوٹلز اور دس کشتیوں کو نقصان پہنچا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق قدرتی آفات سے تحفظ فراہم دینے والے ادارے کے سربراہ اینڈن پرمانا نے میڈیا کو بتایا کہ جکارتہ کے قریب صوبہ بینٹن کے بہت سے مقامی لوگ لاپتا ہیں اور پولیس مدد فراہم کر رہی ہے۔

رواں سال 28 ستمبر کو پالو کے جزیرے سولاویسی میں سونامی آنے سے 2500 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے اور تقریباً 70000 بے گھر ہو گئے تھے۔

دسمبر 2004 ء بحر ہند میں آنے والے زلزلے سے سونامی کے سبب 226000 افراد ہلاک ہو گئے تھے جس میں 120000 کا تعلق انڈونیشیا سے تھا۔