افغان خفیہ ادارے کے اہلکاروں کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری ہوئے – سینیٹ کمیٹی

312

جمعیت علما اسلام (ف) کے سینیٹر طلحہ محمود نے انکشاف کیا ہے کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے افغانستان کی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کو شناختی کارڈ جاری کردیے جبکہ پاکستانی شناختی کارڈ رکھنے والے غیرملکیوں کے بھارتی ویزے بھی لگے۔

سینیٹ کی کابینہ سیکرٹریٹ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر طلحہ محمود کی صدارت میں ہوا جہاں ان کا کہنا تھا کہ نادرا نے افغام انٹیلی جنس کے افراد کو شناختی کارڈ جاری کیے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکڑوں کی تعداد میں افغان  شہریوں کو بھی شناختی کارڈ جاری کیے گئے ہیں لیکن نادرا نے بعض شناختی کارڈ تاحال بلاک نہیں کیے۔

کمیٹی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ لاہور سےافغان شہریوں کو 150 شناختی کارڈ جاری کیے جن میں سے اکثر کو غیرفعال کردیا گیا ہے۔

طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ پاکستانی شناختی کارڈ رکھنے والے غیر ملکیوں کے پاسپورٹ پر بھارت کے ویزے بھی لگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ رکھنے والے غیر ملکیوں کی فہرست انٹیلی جنس بیورو(آئی بی) کے حوالے کردی گئی ہے اور آئی بی اس حوالے سے غیر ملکیوں کی تحقیقات کرے گی۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے آئی بی سے غیر ملکیوں کے شناختی کارڈز سے متعلق تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی ۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ لاہور سے ملنے والے شناختی کارڈ بلاک تو کردیے گئے ہیں لیکن گرفتاریاں عمل میں نہیں لائی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نادرا نے ایلینز کو شناختی کارڈ کے اجرا روکنے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا۔