اسلام آباد: اختر مینگل و عمران خان ملاقات، لاپتہ افراد حوالے کمیشن بنانے کا فیصلہ

338
File Photo

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کا وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات، لاپتہ افراد پر کمیشن بنانے کا فیصلہ، چھ نکاتی ایجنڈے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق آج بروزپیر بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں بی این پی کی جانب سے اراکین قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ ، سردار ہاشم نو تیزئی، پروفیسر شہناز بلوچ، اراکین صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ ، میر حمل کلمتی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اس موقع پر حکومتی اراکین کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور نعیم الحق موجود تھے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں 6 نکاتی ایجنڈے کے حوالے سے بات کی گئی، ملاقات میں بی این پی سربراہ سردار اختر مینگل کی جانب سے وزیر اعظم کو ایک بار پھر بی این پی کے 6 نکات سے آگاہ کیا گیا جس پر وزیر اعظم عمران خان نے یقین دہانی کرائی کہ بی این پی کے 6 نکاتی ایجنڈے کے حوالے سے حکومت اپنی کوشش کر رہی ہے، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کی جانب سے لاپتہ افراد کے حوالے سے بی این پی اور حکومتی اراکین پر مشتمل ایک کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سردار اختر مینگل سے بات چیت کر تے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل سنگین ہیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بی این پی سربراہ سردار اختر جان مینگل نے وزیر اعظم کو بلوچستان میں تعلیم، صحت، روزگار اور ماہی گیروں کو لاحق مسائل کے حوالے سے بات کی جس پر وزیر اعظم نے کہا ہے کہ یہ تمام جائز مطالبات ہیں جن کو ہر صورت حل کیا جائے گا۔

بعد ازاں بی این پی سربراہ سردار اختر مینگل نے وزیر اعظم عمران خان سے ایک علیحدہ ملاقات بھی کی جس کے حوالے تاحال تفصیلات موصول نہیں ہوسکی ہے۔