کیچ : فورسز کی آپریشن جاری، متعدد افراد گرفتاری کے بعد لاپتہ

116
File Photo

 بلوچستان کے ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں فورسز کی  آپریشن جاری جس کے نتیجے میں  متعدد افراد گرفتاری کے بعد لاپتہ ہوگئے ہیں ۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں آج  فورسز کی جانب سے آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے ، دوران آپریشن متعدد افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پہ منتقل کردیا گیا ہے۔

علاقائی زرائع کے مطابق کیچ، تمپ کے علاقوں کُلبر، پلّیزا اور بونِن سمیت دیگر پہاڑی علاقوں میں فورسز کی جانب سے آپریشن کی جا رہی ہے۔

مقامی سطح پہ موصول ہونے والے اطلاعات کے مطابق آپریشن میں زمینی فورسز حصہ لے رہی ہے جبکہ متعدد افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پہ منتقل کردیا گیا ہے ۔

دریں اثنا تمپ کے علاقے کوشکلات سے علاقائی ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں نے قادر بلوچ ولد شاہ میر کو اس کے گھر سے گذشتہ رات دو بجے کے قریب اغواء کرلیا ، اس کے علاوہ چند روز قبل ہی قادر کےبڑے بھائی دلاور ولد شاہ میر کو بھی والی بال گراونڈ سے اغواء کیا گیا تھا ۔

واضح رہے تمپ کے مذکورہ علاقوں کے علاوہ دیگر علاقوں میں گذشتہ دنوں سے فورسز کی جانب سے گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ، گذشتہ روز فورسز نے تمپ کے علاقے نظرآباد میں چھاپہ مار کر بلوچی زبان کے گلوکار استاد خورشید احمد کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پے منتقل کردیا تھا جو تاحال لاپتہ ہے۔