کوئٹہ: لاپتہ محمد عالم لہڑی کے لواحقین کی احتجاجی کیمپ آمد

150

محمد عالم لہڑی کوسرکاری کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے مزدا ٹرک سے اتار کراغواء کیا تھا – لواحقین

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پریس کلب کے سامنے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے احتجاجی کیمپ میں ضلع خضدار کے علاقے وڈھ سے تعلق رکھنے والے لاپتہ محمد عالم لہڑی کے لواحقین نے آکر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

لاپتہ افراد کے احتجاجی کیمپ میں موجود محمد عالم لہڑی کے لواحقین کا کہنا ہے کہ وڈھ کے علاقے کاکا بیر کے رہائشی محمد عالم لہڑی ولد محمد امین لہڑی کو اوتھل زیروپوائنٹ سے 7اکتوبر 2011 کو ایک مزدا ٹرک سے اتار کر اغواء کیا گیا، مغوی کے دوست کے بقول اغواء کار ایک سرف گاڑی میں آئے تھے اور سرکاری کپڑوں میں ملبوس تھے۔

لواحقین کا مزید کہنا ہے کہ محمد عالم کے گمشدگی کے بعد اوتھل پولیس کو اطلاع کی گئی لیکن انہوں نے ایف آئی آر درج کرنے سے معذرت کرلی اور زبانی طور پر انہیں بازیاب کرنے کی تسلی دی لیکن وہ تاحال بازیاب نہیں ہوسکے ۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ مغوی کی عدم بازیابی کے باعث گھر کے تمام افراد نفسیاتی مریض بن چکے ہیں جبکہ مغوی کی بہن اوروالدہ سمیت خاندان کے تین افراد کراچی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

لاپتہ محمد عالم کے والد کا کہنا ہے کہ آٹھ سال کا طویل عرصہ گزرجانے کے بعد بھی اپنے لخت جگر کی حالت سے بے خبر ‘در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کے تمام اداروں سے گزارش کرتا ہوں کہ میرا بیٹا جس ادارے کے قید میں ہے اسے رہا کریں ، اگر اس پر کسی قسم کا مقدمہ ہے تو اسے عدالتوں میں پیش کیا جائے اور جرم کی تحقیقات کی جائے۔

واضح رہے کہ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے کیمپ میں لاپتہ افراد کے لواحقین کی بلوچستان کے مختلف علاقوں سے آمد جاری ہے ۔