ضلع لسبیلہ قحط سالی سے شدید متاثر، غذائی قلت کا سامنا

461

ضلع لسبیلہ قحط سالی سے شدید متاثر، گذشتہ دس سالوں کی قحط سالی کے باعث غذائی قلت خطرناک حد تک پہنچ گئی۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کا ضلع لسبیلہ قحط سالی سے شدید متاثر ہوا ہے، گذشتہ دس سالوں سے قحط سالی کی لہر نے علاقائی صورتحال کو گھمبیر کردیا ہے۔ غذائی قلت کی خطرناک صورتحال کے باعث رواں سال سینکڑوں مال مویشی موت کے منہ میں جاچکے ہیں جبکہ علاقہ مکین نقل مکانی پر مجبور ہوگئےہیں۔

تفصیلات کے مطابق ضلع لسبیلہ کی دور افتتادہ تحصیل کنراج جہاں پر لوگوں کا ذریعہ معاش مال مویشی سے وابستہ ہیں، لیکن قحط سالی کی وجہ سے بڑی تیزی سے مال مویشی مررہے ہیں اور لوگ دن بدن پریشانی میں مبتلا ہوتے جارہے ہیں۔ گذشتہ دس سالوں سے بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے قحط سالی کی لہر برقرار ہے۔

تحصیل کنراج کا شمار بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں ہوتا ہے اور اس پہاڑی علاقے میں روز مرہ کی بنیادی سہولیات کا بھی فقدان ہے۔ علاج و معالجے، تعلیم، پانی و بجلی جیسی سہولیات سے بھی علاقہ یکسر محروم ہے۔

ذرائع کے مطابق علاقہ مکین پینے کا پانی تین کلومیٹر دور سے لانے پر مجبور ہیں جبکہ علاج و معالجے کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے وہاں کے لوگ مختلف امراض میں مبتلا ہوکر زندگی کی بازی ہار رہے ہیں۔