دالبندین : لاپتہ فرزند کی بازیابی کےلئے ایف سی میجر نوید نے 68 لاکھ وصول کیا

400

دالبندین سے لاپتہ شخص کی ماں کوئٹہ میں جاری احتجاجی کیمپ پہنچ گئی ۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق دالبندین سے 30 اگست 2016 کو فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے حفیظ اللہ محمد حسنی کے والدہ نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے جاری احتجاجی کیمپ میں کہا کہ ان کے بیٹے کو ایف سی کے میجر نوید نے کلی قاسم خان سے گرفتار کرکے لاپتہ کردیا ۔

لاپتہ حفیظ محمد حسنی کی والدہ نے کہا کہ بیٹے کے لاپتہ ہونے کے بعد میجر نوید نے ہمیں کوئٹہ بلایا  اور بیٹے کی رہائی کے بدلے ہم سے 68 لاکھ کا مطالبہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی جائیداد فروخت کرکے اور اپنے لوگوں سے چندہ کرکے میجر نوید کو 68 لاکھ روپے دیئے اور میجر نوید نے ہم سے وعدہ کیا کہ تین دن کے بعد حفیظ کی آپ لوگوں سے بات چیت کروا دوں گا ۔

حفیظ محمد حسنی کی والدہ  نے مزید کہا کہ ہم واپس دالبندین پہنچ گئے لیکن ایک ماہ گزرنے کے بعد بھی ہمارے بیٹے سے کوئی رابطہ نہ ہوا ، اور ہم نے پھر میجر نوید سے بات کی تو انہوں نے ہم سے مزید 50 لاکھ روپے دینے کا مطالبہ کیا ، جس کے بعد ہم بے بس ہوکر ایف آئی آر درج کرنے کےلئے گئے لیکن ہمارا ایف آئی آر درج نہ ہوا ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ میرے بیٹے کو بازیاب کیا جائے ۔