خضدار : زہری میں سانپ کے ڈسنے سے بچہ جانبحق

287

تحصیل زہری میں سانپ کے ڈسنے سے بچہ جاں بحق ہوگیا ۔

بچے کو ہسپتال پہنچانے پر نہ ویکسیئن دستیاب اور نہ ہی ڈاکٹرز موجود تھے ،ڈی ایچ او خضدار کی غیر ذمہ داری پر عوام کا شکوہ۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے  مطابق  تحصیل زہری کے علاقہ باغبانی کوچہو میں سانپ نے سات سالہ بچہ وحید احمد ولد محمد اشرف عمرانی کو ڈس لیا جنہیں نورگامہ ہسپتال پہنچایا گیا تاہم  وہاں نہ ویکسیئن دستیاب تھا اور نہ ہی ڈاکٹر موجود تھے ، جس کی وجہ سے بچہ طبی امداد کی آس میں تڑپ تڑپ کر دم توڑ دیا ۔

اہل علاقہ  نے شکوہ کیا ہے کہ محکمہ صحت کی لاپرواہی کی وجہ سے زہری ہسپتال میں نہ ڈاکٹرز موجود ہیں اور نہ ہی ادویات اور ویکسیئن کی سہولیات دستیاب ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ خضدار میں لاپرواہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو تعینات کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ نہ ڈاکٹرز کو اپنی جائے تعیناتی کا پابند بنا رہاہے اور نہ ہی انہیں ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے میں کوئی دلچسپی ہے ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی ساری توانائیاں اپنے آفس میں گپ شپ اور اپنی فیملی کو ٹائم دینے میں صرف ہوتی ہیں ، جس کی وجہ سے ہسپتالوں کی حالت غیر ہوگئی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ایک نونہال  ہسپتال میں تڑپ تڑپ کرجان دے بیٹھا ۔

اس حوالے سے شہریوں نے سیکریٹری ہیلتھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خضدار میں محکمہ ہیلتھ کی ناقص کار کردگی کا فوری نوٹس لے کر بے بس مجبور ، لاچار اور غریب عوام کو ایڑیا رگڑر گڑکر مرنے سے بچایا جائے۔