بھارت : طوفان سے 33 افراد ہلاک جبکہ ہزاروں بے گھر

212

بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں طوفان کے نتیجے میں 33 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ سیکڑوں مکانات اور سڑکیں تباہ ہوگئیں۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق طوفان کی وجہ سے ہزاروں بے گھر افراد کو امدادی کیمپوں میں منتقل کردیا گیا۔

طوفان سے متاثرہ افراد کی مدد اور ریلیف پہنچانے کے لیے نیوی کو ذمہ داری سونپ دی گئی جبکہ ریاست کے زیر انتظام چلنے والے 4 سو سے زائد کیمپس میں مقیم 82 ہزار متاثرین کے لیے کھانے اور پینے کے صاف پانی کے علاوہ ادویات کی فراہمی کی کوششیں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ جمعے کے روز سے بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا اور اس دوران علاقے میں 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چل رہی تھیں۔

حکام کے مطابق امدادی رضاکاروں کو 13 لاشیں جمعے کے روز جبکہ 20 لاشیں ہفتے کے روز ملی تھیں، زیادہ تر ہلاکتیں سیلاب، مکانات کے منہدم ہونے اور کرنٹ لگنے سے ہوئیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں 30 ہزار بجلی کے کھمبے اور ایک لاکھ کے قریب درخت جڑ سے اُکھڑ گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ 10 ہزار سے زائد ملازمین متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لیے کام کررہے ہیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ طوفان کی وجہ سے ریاست میں بڑی تعداد میں جانور بھی ہلاک ہوئے، جن کی لاشیں 2 روز تک جاری رہنے والے طوفان کی وجہ سے سیلابی پانی میں موجود ہیں۔

خیال رہے کہ ریاست تامل ناڈو اکثر خلیج بنگال میں پیدا ہونے والے طوفانوں کا نشانہ بنتی ہے۔