بلوچستان : 15 اضلاع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع

168

بلوچستان کے 15 اضلاع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم آج شروع ہوگی ،13 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلانےکا ہدف مقرر۔مہم کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ۔

پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر راشد رزاق کے مطابق بلوچستان کے 15 اضلاع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم پیر سے شروع کی جارہی ہے جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔

مہم کے دوران کوئٹہ ، پشین ، قلعہ عبداللہ ، قلعہ سیف اللہ ، ڈیر بگٹی ، ژوب ، زیارت ، مستونگ ، جعفر آباد ، نصیر آباد ، لسبیلہ ، بولان ، جھل مگسی ، سبی اور صحبت پور سمیت افغان مہاجر کیمپوں میں 13 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائے گی ۔

انہوں نے والدین سے مہم کے دوران تعاون کی اپیل کی مہم میں 4 ہزار 9 سو 17 موبائل ٹیمیں 454 فکسڈ سائٹ ، 364 ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو کا عملہ فرائض انجام دیگا ۔

مہم کے دوران 5 سال کی عمر تک کے 13 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کاہدف مقرر کیا گیا ہے ، سیکورٹی کیلئے ایف سی ، لیویز ، پولیس اہلکار فرائض انجام دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ضلع دکی میں رواں سال پولیو وائرس سے 3 بچے زندگی بھر کے لیے معذور ہوچکے ہیں ، معصوم بچوں کو معذور کرنے والا وائرس تاحال ہمارے ماحول میں موجود ہے