چھ سال پہلے شروع کیا گیا زیتون کی کاشت کا منصوبہ کامیابی سے منزل کی طرف گامزن ہے،زیتون کی اس فصل سے پانچ ہزار لیٹر خوردنی تیل حاصل کیا جائے گا۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والے اطلاعات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زیتون کی بہترین فصل تیار ہوگئی،درخت پھل سے لدے ہوئے ہیں،محکمہ زراعت کے حکام کہتے ہیں،بلوچستان میں زیتون کی فی ایکڑ پیدوار دیگر علاقوں کی نسبت سب سے زیادہ ہے ۔
ڈی جی زراعت کہتے ہیں کہ زیتون کے ڈھائی لاکھ پودے لگائے ہیں ، بلوچستان میں پیداوار اچھی ہے ، اس سال پانچ ہزار لیٹر خوردنی تیل حاصل ہوگا،بلوچستان میں پانی کے ذخائر میں مسلسل کمی کے باعث قطراتی نظام آبپاشی کو متعارف کروایا جارہا ہے۔
ڈائریکٹر ریسرچ عبدالروف نے کہا کہ بلوچستان میں قدرتی طور پر پانی کم ہے،اس لیے ہمیں ایسے طریقے استعمال کرنے ہیں جس سے کم سے کم پانی سے اچھی فصل حاصل کی جاسکے،اس لیے ہم کسانوں اور زمینداروں میں قطراتی نظام آبپاشی متعارف کروارہے ہیں۔
منصوبے کے تحت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے پندرہ اضلاع میں پانچ لاکھ سے زائد زیتون کے پودے لگائے جائیں گے۔