بلوچستان: اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم جاری، ایکشن کمیٹی کا احتجاج کرنے کا عندیہ

137

اخبارات و جرائد کو پچھلے 6 ماہ سے اشتہارات کی مد میں بلوں کی بقایا جات کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے جس سے مقامی اخباری صنعت بندش کے قریب پہنچ چکی ہے – ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان

ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا ہنگامی اجلاس ایکشن کمیٹی کے چیئرمین رشید بیگ منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایکشن کمیٹی کے وائس چیئرمین علی لہڑی، جنرل سیکرٹری مرتضیٰ ترین، سیکرٹری اطلاعات رضوان ہاشمی، ایگزیکٹو ممبران حاجی غفار لانگو، عمران جمالی، مدثر ندیم، نعیم اختر، سہیل انصاری، حکیم اکمل، نوید لانگو سمیت بلوچستان کے مقامی اخباری صنعت سے وابستہ ایڈیٹران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس میں ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کی جانب سے اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم اور اشتہارات کی مد میں واجب الادا بلز کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہو ئے کہا گیا کہ تعلقات عامہ کی جانب سے اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم تا حال جاری ہے۔

علاوہ ازیں اخبارات و جرائد کو پچھلے 6 ماہ سے اشتہارات کی مد میں بلوں کی بقایا جات کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے جس سے مقامی اخباری صنعت بندش کے قریب پہنچ چکی ہے۔

ایکشن کمیٹی اخباری صنعت کے چیئرمین رشید بیگ نے کہا کہ اگر محکمہ تعلقات عامہ کی جانب سے اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم کاعمل جاری رہا اوراشتہارات کی مد میں واجب الادا بلز کی فوری ادائیگی یقینی نہ بنائی گئی تو ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان احتجاجی کیمپ بحال کرنے پر مجبور ہوگی۔