افغانستان : حکومت، طالبان کے مقابلے میں زمینی کنٹرول کھو چکی ہے – رپورٹ

429

امریکی واچ ڈاگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکی حمایت یافتہ افغان حکومت ملک کے بیشتر علاقے طالبان کے حق میں کھو چکی ہے جبکہ جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی ہلاکتوں کی شرح میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسپیشل انسپکٹر جنرل برائے افغانستان تعمیر نو (سیگار) کی سہ ماہی رپورٹ میں کابل حکومت کو درپیش بھارتی دباؤ کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ اسی دوران امریکا نے طالبان سے ابتدائی مذاکرات کے لیے رابطہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ‘اس سہ ماہی میں افغانستان کے مختلف اضلاع، عوام اور علاقوں پر کنٹرول کے لیے شدید مقابلہ دیکھا گیا’۔

اس میں بتایا گیا کہ رواں سال طالبان ملک کے مغربی صوبوں فراہ اور غزنی کے اضلاع پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے میں ناکام رہے لیکن انہوں نے ملک کے دیگر علاقوں پر واضح برتری ظاہر کی۔

واچ ڈاگ ایجنسی کے مطابق افغانستان کے لیے نیٹو کے ریزولٹ سپورٹ مشن کے اعداد وشمار بتاتے ہیں کہ حکومتی فورسز ‘اس سہ ماہی کے دوران ملک کے بیشتر اضلاع، شہریوں پو اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہیں’۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ستمبر میں حکومت کا اثر ورسوخ 65 فیصد عوام پر تھا جو اکتوبر 2017 سے مستحکم تھا اور ایسا فارہ اور غزنی کے ساتھ ساتھ فاریاب اور باغلان میں ایک سال تک جاری رہنے والی لڑائی کے بعد ہوا تھا۔

تاہم رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ افغانستان کے 407 اضلاع میں سے 55.5 فیصد پر حکومت کا کنٹرول ہے یا حکومت کا اثر و رسوخ موجود ہے جو 2015 سے اب تک میں سب سے کم ہے۔

واضح رہے کہ رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ ملک میں صدارتی انتخابات سے 6 ماہ قبل اس طرح کے اعدادوشمار ملک کی تشویشناک سیکیورٹی صورت حال کی جانب اشارہ کرتے ہیں، اس کے باوجود کہ امریکا کے خصوصی مشیر زالمے خلیل زاد نے امن مذاکرات کے لیے طالبان حکام سے ملاقات کی ہے۔

جیسا کہ طالبان، افغان حکومت پر دباؤ برقرار رکھے ہوئے ہیں، سیگار نے اپنی رپورٹ میں ریزولٹ سپورٹ مشن کے حوالے سے بتایا کہ یکم مئی سے یکم اکتوبر کے دوران افغان سیکیورٹی فورسز کی ہلاکتوں میں ‘گزشتہ سالوں کے اسی عرصے کے مقابلے میں اضافہ ہوا ہے’۔

واضح رہے کہ یکم جنوری 2015 سے نیٹو کی انٹرنیشنل سیکیورٹی اسسٹنس فورس (ایساف) کو ٹریننگ اینڈ سپورٹ مشن سے تبدیل کردیا گیا تھا، جس کے تحت تقریباً 13 ہزار نیٹو فوجیوں کو افغانستان میں قیام کی اجازت ملی۔