گزشتہ شب فورسز نے گوادر شہر کے مختلف علاقوں سے دو بھائیوں سمیت تین افراد کو حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کردیا۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز دیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گوادر شہر کے مختلف علاقوں سے فورسز نے مزید تین افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے علاقے ٹی ٹی سی کالونی سے گزشتہ شب پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے کاروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔
ذرائع کے مطابق ٹی ٹی سی کالونی سے فورسز کے ہاتھوں اغواء ہونے والے شخص کی شناخت قادر بخش ولد محمد حاصل کے نام سے ہوئی ہے جو کہ گوادر شہر کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
گرشتہ شب گوادر شہر کے ایک اور علاقے نیوٹاؤن میں کاروائی کرتے ہوئے فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے دو بھائیوں کو گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔
علاقائی ذرائع کے مطابق فورسز کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد لاپتہ ہونے والے بھائیوں کی شناخت موسیٰ ولد اقبال اور مجیب ولد اقبال کے ناموں سے ہوئی ہیں ۔
واضح رہے گوادر سے گزشتہ شب فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہونے والوں میں نوجوان سرمد ولد ماسٹر حمید سکنہ کیپٹن مراد بخش وارڈ شامل ہے، جس کے بعد گوادر سے لاپتہ ہونے والے افراد کے تعداد مجموعی طور پرچار ہوگئی ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان میں انسانی حقوق کی سرگرم تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کا کہنا ہے کہ بلوچ لاپتہ افراد کو بازیاب کرنے کے بجائے دن بہ دن ان کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور بلوچ لاپتہ افراد کی مسخ شدہ لاشیں بھی پھینکی جا رہی ہیں۔