کیچ میں فورسز کے ہاتھوں 1 شخص لاپتہ، 2 افراد بازیاب ہوگئے۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے دشت سے پاکستانی فورسز نے ایک شخص کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پے منتقل کردیا جبکہ لاپتہ ہونے والے دو افراد بازیاب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز فورسز نے ضلع کیچ کے علاقے دشت دِز در میں آپریشن کرکے ایک نوجوان کو حراست میں لیکر لاپتہ کردیا ہے۔ جس کی شناخت شہیک ولد اللہ بخش کے نام سے ہوئی ہے۔
علاقائی زرائع کے مطابق شہیک گوادر سے اپنے آبائی علاقے دشت آیا ہوا تھا کہ فورسز نے اسے حراست میں لیکر لاپتہ کردیا۔
دریں اثناء 12 اپریل 2018 کو ضلع کیچ کے علاقے دشت میں جان محمد بازار سے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والا نوجوان جابر ولد رشید بل نگور بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ حراست بعد لاپتہ کیئے جانے والا شاہو ولد سید محمد تا حال لاپتہ ہے۔
اسی طرح 04 جولائی 2018 کو دشت کپکپار سے فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے راشد ولد خدا بخش بھی بل نگور سے بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گیا ہے۔
یاد رہے کہ راشد ولد خد بخش کو 13 اپریل 2018 میں دشت کپکپار سے خفیہ اداروں نے حراست میں لیکر لاپتہ کیا تھا جنہیں 03 جولائی 2018 میں رہا کیا گیا جبکہ 04 جولائی 2018 کو پھر اسے حراست میں لیکر لاپتہ کیا گیا جو پھر سے بازیاب ہوکر گھر پہنچ گیا ہے۔