لندن: کینسر کے موذی مرض کو شکست دینے والے بالی ووڈ اداکار عرفان خان آئندہ ماہ دیوالی کے بعد دوبارہ شوبز مصروفیات کا آغاز کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار کو رواں برس نیورواینڈو کرائن ٹیومر (کینسر) کی تشخیص ہوئی تھیں جس کے بعد وہ علاج کے لیے لندن چلے گئے تھے۔
عرفان خان نے دورانِ علاج ہمت نہیں ہاری، اُن کی 6 کیمو تھراپی اگست میں مکمل ہوگئیں تھیں جس کے بعد وہ کافی کمزور بھی ہوگئے تھے۔ ڈاکٹرز نے اگست میں نوید سنائی تھی کہ عرفان خان نے کینسر کے خلاف جنگ جیت لی مگر اُن کے روبہ صحت ہونا باقی تھا۔
حالیہ اطلاعات کے مطابق ڈاکٹرز نے اداکار کا ٹیسٹ کیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ عرفان خان نے کینسر کو مکمل طور پر شکست دے دی اور اب وہ صحت مند زندگی کی طرف لوٹ رہے ہیں۔
اب موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عرفان خان آئندہ ماہ سے شوبز کی مصروفیات کا آغاز کریں گے اور وہ اپنی نئی آنے والی فلم ’ہندی میڈیم‘ کے سیکوئل کی شوٹنگ میں باقاعدہ حصہ لیں گے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق اداکار کی صحت بہتر ہوگئی جس کے بعد انہیں ڈاکٹرز نے سفر کی اجازت دے دی اس لیے وہ لندن سے 2 روز کے اندر واپس بھارت منتقل ہوجائیں گے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ عرفان خان کی صحت نہ صرف بہتر ہورہی ہے بلکہ وہ دسمبر کے پہلے ہفتے سے سے اپنی فلم کی شوٹنگ کا آغاز بھی کریں گے۔
قبل ازیں چار اگست کو عرفان خان کی چوتھی کیمو تھراپی ہوئی تھی جس کے بعد وہ اپنی زندگی سے کافی مایوس نظر آئے تھے ، اُن کا کہنا تھا کہ ’میں کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ لوگوں کو بتاؤں میں چند ماہ میں دنیا چھوڑ سکتا ہوں‘۔
واضح رہے کہ زندگی کی جنگ لڑنے والے بالی ووڈ اداکار عرفان خان نے مداحوں کے نام کھلا خط لکھا تھا، جس میں انہوں نے خوف کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی نہیں اتنی جلدی سفر ختم نہیں ہوسکتا۔
یاد رہے کہ بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکارعرفان خان نے 16 مارچ کو مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ اُن کو نیورو اینڈوکرائن ٹیومر نامی مرض ( دماغ کے کینسر) کی تشخیص ہوئی تھی۔
شعبہ طب سے وابستہ ماہرین کا ماننا ہے کہ کیمرتھراپی کینسر سے نجات کا طریقہ علاج ہے، چھ مراحل سے گزرنے کے بعد مریض کے 70 سے 80 فیصد طبیعت ٹھیک ہونے کی امید ہوتی ہے۔