نصیر آباد میں فائرنگ سے سگے بھائی ہلاک جبکہ قلعہ عبداللہ سے لاش برآمد
دی بلوچستان نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ضلع نصیر آباد میں فائرنگ سے دو بھائی ہلاک ہوگئے جبکہ ضلع قلعہ عبداللہ میں ایک شخص کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نصیر آباد کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دو بھائیوں کو قتل کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نصیر آباد کے علاقے گوٹھ لعل گہنور میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دو بھائی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ واردات کے وقت دونوں بھائی گھر کے صحن میں سو رہے تھے۔
مقتولین کی شناخت صدام حسین اور ناظم علی کے ناموں سے کی گئی ہے۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کیلئے سول ہسپتال منتقل کیا گیا، جس کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔
پولیس نے واقعہ سے متعلق تفتیش شروع کردی، قتل کی وجہ تاحال سامنے نہ آسکی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مختلف پہلووں پر تحقیقات جاری ہیں۔
دریں اثناء قلعہ عبداللہ میں گلستان کے قریب ریلوے اسٹیشن سے نامعلوم شخص کی بوری بند لاش برآمد ہوئی ہے۔
لیویز ذرائع کے مطابق لاش کو شناخت کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے۔