سی پیک میں سعودی شراکت داری پر کوئی اعتراض نہیں – ایران

149

ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ سی پیک گیم چینجر ہے،کسی کی شرکت داری پر کوئی اعتراض نہیں،یہ منصوبہ امن کا پیغام بھی دے رہا ہے، سعودی عرب سمیت تمام اسلامی ممالک کی پاکستان میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے، دنیا جان چکی ہے کہ ترقی کا راستہ جنگ نہیں باہمی روابط ہیں۔

کوئٹہ میں  نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے تسلیم کیاکہ  پاکستان اور ایران اسٹر یجک پارٹنر ہیں  ، کچھ عناصر سرحد پار سے حملے کر کے دونوں ممالک کے تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں جب کہ عالمی طاقتیں مسلم ممالک کے اندرونی معاملات سے فائدہ اٹھا کر انہیں غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہےہیں۔

ان کاکہناتھاکہ ہمیں اپنے مشترکہ دشمن کو پہچاننا ہوگا،ایران اور پاکستان دونوں ممالک دہشت گردی کا شکار ہیں، خطے میں پائی جانے والی دہشت گردی سے دونوں ممالک نبردآزما ہیں۔ انھوں نے زور دیاکہ پاکستان اور ایران باہمی دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ کردار ادا کریں  گے۔ہماری کوشش ہے کہ دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے،ایران خود دہشت گردی کے واقعات سے متاثر ہے،ہمارا کسی دہشتگرد تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، اسلام مخالف قوتیں خطے میں انتشار پیدا کرکے مسلم ممالک میں اختلافات کو ہوا دے رہے ہیں ۔

نیوز کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے ایرانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ ایران بین المذاہب ہم آہنگی پیدا کرنے کےلیے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا، ہمیں داعش جیسی تنظیموں کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد پیدا کرنا ہوگا، شام میں لڑنے والے عسکریت انہی حالات سے تنگ ہو کر لڑنے پر مجبور ہوئے، موجودہ حالات میں ایران کسی دباؤ کا شکار نہیں ہوگا۔

 ایرانی سفیر نے کہاکہ ایران اور پاکستان روز اول سے بہترین دوستوں کی طرح رہے ہیں۔ دونوں ممالک کےمابین باہمی اتفاق کے بہت سے منصوبے چل رہے ہیں۔دونوں ہمسایہ ممالک کی خواہش ہے کہ اپنی آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے بہتر مستقبل کی کوشش کریں