سعودی بادشاہ امریکا کے بغیر نہیں چل سکتے ۔ ٹرمپ

192

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ سعودی بادشاہت امریکی فوج کے دم سے سلامت ہے۔ ایک ریلی سے تقریر کرتے ہوئے ٹرمپ نے امریکا کو سعودی عرب کا محافظ بھی قرار دیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے یہ بات سعودی فرماں روا شاہ سلمان پر واضح کی ہے کہ اُن کی بادشاہت امریکی فوج کی وجہ سے قائم ہے اور اگر یہ فوجی مدد حاصل نہ ہو تو اُن کی حکومت دو ہفتے بھی قائم نہیں رہ سکتی۔ امریکی صدر نے یہ کلمات ریاست مِسسِسپی کے شہر ساؤتھ ہیون میں کہے۔

ساؤتھ ہیون میں ایک پرجوش ہجوم کے سامنے تقریر کرتے ہوئے ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکا سعودی عرب کا محافظ ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا، ’’ہم سعودی عرب کی حفاظت کرتے ہیں۔ کیا آپ کہیں گے کہ وہ امیر ہیں اور میں بادشاہ سے محبت کرتا ہوں، شاہ سلمان سے۔ لیکن میں نے کہا کہ شاہ سلمان ہم آپ کی حفاظت کر رہے ہیں۔ آپ ہمارے بغیر شاید دو ہفتے بھی نہیں رہ سکتے۔ آپ کو اپنی فوج کے لیے ادائیگی کرنے پڑے گی۔‘‘

ٹرمپ نے اس تقریر میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ساتھ خاص انسیت رکھنے کا بھی اظہار کیا۔ امریکی صدر نے سعودی حکومت کے حوالے سے کہا کہ امریکی فوجی امداد کے بغیر سعودی بادشاہ اپنی حکومتی عملداری کا سلسلہ کسی صورت قائم نہیں رکھ سکتے۔ ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے یہ الفاظ شاہ سلمان کو کس وقت اور کس موقع پر کہے تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتہ انتیس ستمبر کو سعودی بادشاہ کو ٹیلیفون کر کے علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ سعودی حکومتی نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس ٹیلی فونگ گفتگو میں شاہ سلمان کے ساتھ امریکی صدر نے خام تیل کی عالمی منڈیوں میں فراہمی کے تسلسل اور عالمی اقتصادی پیداوار کی شرح پر بھی بات چیت کی۔

تجزیہ کاروں نے امریکی صدر کے اپنے انتہائی قریبی اتحادی ملک کے بادشاہ اور حکومت کے بارے میں اِن سخت کلمات کو سفارتی آداب کے منافی قرار دیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ ایران کی مبینہ توسیع پسندی کے عزائم کے تناظر میں واشنگٹن، سعودی حکومت کے ساتھ انتہائی گرمجوش اور مضبوط تعلقات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے منصب صدارت سنبھالنے کے بعد اپنا غیر ملکی دوروں کے سلسلے کا آغاز سعودی عرب سے کیا تھا۔