حادثے کا شکار لیموزین کا مالک پاکستان میں ہے – نیویارک پولیس

137

امریکہ کی ریاست نیویارک کی پولیس نے کہا ہے کہ ہفتے کو حادثے کا شکار ہونے والی لیموزین گاڑی جس کمپنی کی ملکیت تھی، اس کا مالک ان دنوں پاکستان گیا ہوا ہے۔

ریاستی پولیس کے میجر رابرٹ پیٹناڈ نے صحافیوں کو پیر کو حادثے کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بدقسمت گاڑی ‘پریسٹیج لیموزین’ نامی کمپنی کی ملکیت تھی جو ریاست کی ساراٹوگا کاؤنٹی میں رجسٹرڈ ہے۔

میجر رابرٹ کے مطابق کمپنی کا مالک شاہد حسین نامی شخص ہے جو پاکستان گیا ہوا ہے۔ لیکن انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ شاہد حسین کتنے عرصے سے پاکستان میں ہے اور اس کی واپسی کب تک متوقع ہے۔

اس سوال پر کہ کیا کمپنی کے مالک کے خلاف حادثے سے متعلق فوجداری مقدمہ درج کیا جائے گا، میجر رابرٹ کا کہنا تھا کہ اس بات کا فیصلہ تحقیقات کے بعد ہوگا۔

ہفتے کو ریاست نیویارک کی کاؤنٹی اسکو ہیری میں پیش آنے والے اس حادثے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں لیموزین میں سوار 17 مسافر، لیموزین کا ڈرائیور اور دو راہ گیر شامل تھے۔

پولیس نے تاحال ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ لیکن مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے بیشتر کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جنہوں نے لیموزین پکنک کے لیے بک کرائی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور پولیس نے لیموزین کی مالک کمپنی کی ملکیت تین دیگر گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی ہیں۔

ریاستی پولیس کے علاوہ امریکہ میں پبلک ٹرانسپورٹ کے منتظم ادارے ‘نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ’ کے حکام بھی حادثے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

اس سے قبل نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو نے مین ہیٹن میں صحافیوں کو بتایا تھا کہ لیموزین ڈرائیور کے پاس کمرشل گاڑی چلانے کا لائسنس نہیں تھا جب کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی کی حالت کو بھی متعلقہ شعبے کے انسپکٹر نے گزشتہ ماہ ایک معائنے کے دوران غیر تسلی بخش قرار دیا تھا۔

امریکی حکام کے مطابق لیموزین حادثہ ہلاکتوں کی تعداد کے اعتبار سے امریکہ میں گزشتہ 13 سال کے دوران پیش آنے والا بدترین ٹریفک حادثہ ہے۔