بولان: ریلوے لائن پر 2 دھماکے، جعفر ایکسپریس بال بال بچ گیا

319

مچھ میں کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والے جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنانے کی کوشش

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع بولان میں کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والے ریل گاڑی کو نامعلوم افراد کی جانب سے ریلوے ٹریک پر دھماکہ خیز مواد نصب کرکے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، دھماکوں سے چند میٹر کے فاصلے پر ڈرائیور نے ایمرجنسی بریک لگاکر گاڑی روک لی۔

تفصیلات کے مطابق ضلع بولان کے علاقے ایرک اور مچھ اسٹیشن کے درمیان ریلوے ٹریک پر اس وقت دو دھماکے ہوئے جب کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس وہاں سے گذر رہی تھی۔

ذرائع کے مطابق بارودی مواد کے دھماکوں سے پہلے پچاس میٹر کے فاصلے پر ڈرائیور نے ایمرجنسی بریک لگاکر گاڑی روک دی جس سے ریل گاڑی حادثے سے بچ گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واضح رہے اس سے قبل بولان اور گرد و نواح کے علاقوں میں ریل گاڑیوں، فورسز سمیت تیل تلاش کرنے والی کمپنیوں پر متعدد حملے کیئے جاچکے ہیں جن میں سے اکثریت کی ذمہ داری بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں۔ تاہم آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔