آئی جی ایف سی کے قافلے کو واشک سے خضدار جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع واشک میں آئی جی ایف سی ساؤتھ میجر جنرل سعید احمد کے قافلے کو نامعلوم مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق قافلے پر حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے جبکہ قافلے پر واشک سے خضدار جاتے ہوئے حملہ کیا گیا۔
سرکاری ذرائع سے تاحال حملے میں آئی جی ایف سی کے زخمی ہونے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
واضح رہے اس سے قبل ضمنی انتخابات کے موقعے پر ضلع واشک بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے قافلے پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 1 شخص ہلاک ہوا تھا جبکہ مسلح افراد ایک شخص کو گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔
انتخابی قافلے پر حملے کی ذمہ داری بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیموں بلوچ لبریشن آرمی اور بلوچستان لبریشن فرنٹ نے مشترکہ طور پر قبول کی تھی۔ تاہم آج ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔