افغان پارلیمانی انتخابات، پاک افغان بارڈر دو دن کے لیے بند

397

افغان میں کل ہونے والے پارلیمانی انتخابات کےلئے پاک افغان بارڈر دو دن کے لیے بند کردیا گیا

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق

سرحدی گیٹ کی بندش کے باعث ہر قسم کی تجارتی سرگرمیاں معطل ہو گئی ہیں۔اور سرحد پر پاکستان کی جانب سے اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے جب کہ سیکیورٹی  بھی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

    سکیورٹی حکام نے بتایا کہ پرامن افغان پارلیمانی انتخابات کے قیام  اور  کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کےلئےپیدل آمدورفت بھی بند کر دی گئی ہے، افغان انتخابات کے دوران باب دوستی کی بندش کا فیصلہ باہمی اتفاق سے کیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  دو روز قبل پاک افغان سرحدی حکام کے درمیان رابطہ ہوا تھا، جب کہ باب دوستی پر اجلاس بھی منعقد ہوا تھا ،جس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ افغانستان میں بیس اکتوبر کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے پاک افغان بارڈر کو مکمل سیل کیا جائے گا ۔

پاک افغان سرحد بند ہونے کی وجہ سے چمن بارڈر پر ایف آئی اے کا ویزہ سیکشن بھی بند کردیا گیا ہے،جب کہ  پاک افغان سرحد کی بندش کی وجہ سے سرحد پر بڑی تعداد میں مسافر اور مال بردار ٹرک جمع ہوگئے ہیں جوسرحد کھلنے کے منتظر ہیں