ہرنائی کوئلہ کان حادثے کے مزید دو زخمی دم توڑ گئے

305

بلوچستان کے کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی اموات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے رواں مہینے اب تک دو درجن سے زائد کان کن اپنی جان سے ہاتھ دھو بیھٹےہیں۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق ہرنائی شہر کے قریب کوئلہ کان حادثہ میں زخمی ہونے والے دو مزید کانکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے،اس طرح کان حادثہ میں جاں بحق افراد کی تعداد تین ہوگئی ہے،جبکہ ایک شدید زخمی کی حالت تا حال تشویش ناک ہے۔

گذ شتہ جمعہ کو ہرنائی شہر کے قریب کوئلہ کان بیٹھ گئی تھی جس میں چار افراد پھنس گئےتھے،جن میں سے ایک کانکن پہلے دن جاں بحق ہوا تھا جبکہ تین کانکن شدید زخمی ہوئے تھے جنہیں تشویشناک حالات میں کوئلہ کان سے نکال کر ہسپتال منتقل کیاگیا تھا، ہرنائی ہسپتال میں طبی امداد کے بعد تین کانکنوں کو تشویش ناک حالت میں کوئٹہ ریفرکردیا گیا تھا ،جن میں سے مزید دو افراد آج جاں بحق ہوئے ہیں۔

جاں بحق ہونے والے امان اللہ ولد حاجی داد محمد اورعطاء محمد ولد حمید کا تعلق ضلع زیارت کےعلاقہ چوتیر سے بتایا جاتا ہے۔