کوئٹہ پانی کی قلت شدت اختیار کر گئی

326

کوئٹہ اورگرد ونواح کے علاقوں میں پانی کی کمی سنگین صورتحال اختیار کر گئی، علاقہ مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نمائندہ کوئٹہ کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور گرد ونواح میں پانی کی قلت سنگین صورتحال اختیار کر گئی۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے فقیر محمد روڈ، جان محمد روڈ، خلجی کالونی، سریاب روڈ، موسیٰ کالونی، بروری روڈ اور دیگر علاقوں کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئی ہے۔

شہریوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگے داموں پر ٹینکر کے ذریعے پانی خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ ٹینکر مافیا کے پاس پینے کا پانی دستیاب ہے لیکن وہی پانی واسا حکام شہریوں کو فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ اس مہنگائی کے دور میں عوام کو لوٹنے کے لئے جان بوجھ کر پانی بند کیا جاتا ہے تاکہ وہ مہنگے داموں ٹینکر کے ذریعے پانی منگوائے جبکہ پانی کی کمی کے باعث ٹینکر مافیا نے فی ٹینکر 1000 سے 1500 روپے تک وصول کرنا شروع کر دیا، بعض ٹینکر مافیا پانی کے منہ مانگے دام وصول کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سریا ب روڈ، جان محمد روڈ، فقیر محمد روڈ اور ان کے ملحقہ علاقوں میں موسم سرما کے دوران بھی پانی دستیاب نہیں ہوتا ہے اور شہری مجبور ہو کر مہنگے داموں پانی خرید کر گزارہ کر رہے ہیں۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے اس سنگین مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے بصورت دیگر ہم شدید احتجاج کرینگے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور واسا حکام پر عائد ہو گی۔