ڈیرہ بگٹی لیڈی ڈاکٹر کی عدم موجودگی سے رواں ماہ ہلاکتوں کی تعداد 10 تک جا پہنچی

153

 

ڈیرہ بگٹی میں لیڈی ڈاکٹر نہ ہونے کے باعث دوران حمل  خواتین اور نومولودوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ تواتر سے جاری ہے

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں لیڈی ڈاکٹر نہ ہونے کے باعث دوران حمل  خواتین اور نومولودوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ تواتر سے جاری ہے،اور اسی سلسلے میں ایک اور حاملہ خاتون نومولود سمیت جاں بحق ہو چکی ہے۔

ڈیرہ بگٹی کے سرکاری اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر کی عدم دستیابی کے باعث حاملہ خاتون کو پنجاب کے ضلع رحیم یار خان منتقل کیا جارہا تھا جوکہ زیادہ خون بہنے کے باعث راستے میں ہی دم توڑ گئیں۔

اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کا تعلق ڈیرہ بگٹی کے  محلہ زانکو سے تھا، رواں ماہ یہ خواتین اور بچوں کی ہلاکت کا دسواں جبکہ گزشتہ سات ماہ کے دوران ہلاکتوں کا پچیسواں واقعہ ہے،

ڈیرہ بگٹی ضلع میں گائناکالوجسٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے خواتین کو علاج کیلئے سینکڑوں کلومیٹر دور پنجاب کے اسپتالوں میں لے جانا پڑتا ہے جس کے بعد طویل اور دشوار گزار رستوں کی وجہ سے اکثر خواتین رستے میں ہی دم توڑ دیتی ہیں۔

اب تک 25 خواتین اور بچوں کی تواتر سے ہلاکتوں پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جب کہ ورثاء نے مطالبہ کیا ہے کہ پے درپے ہلاکتوں کا نوٹس لے کرذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔