پاکستان دہشتگردوں کیخلاف موثر کارروائی کرے- امریکہ

133

امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ہمیں افغانستان کا ایک ایسا پرامن حل تلاش کرنا ہو گا جو پاکستان امریکا کے مفاد میں بھی ہو۔

امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کا پاکستان سے روانگی سے قبل نور خان ائیربیس پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے کئی ملاقاتوں میں نئی حکومت کی پالیسیوں اور دونوں ممالک میں تعلقات کو بہتر بنانے کے مواقعوں پر بات ہوئی۔

مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں میں معاشی، کاروباری اور تجارتی شعبوں میں تعلقات مضبوط بنانے پر بھی بات ہوئی۔ ہمیں افغانستان کا ایک ایسا پرامن حل تلاش کرنا ہو گا جو پاکستان امریکا کے مفاد میں بھی ہو۔

اس موقع پر صحافی نے مائیک پومپیو سے سوال کیا کہ کیا ایسی کوئی یقین دہانی ملی ہے جس کے تحت پاکستان کی فوجی امداد بحال ہو سکے، اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں آگے بڑھنا ہے، ابھی بہت سی بات چیت ہونا ہے، فوجی سطح پر تعلقات برقرار ہیں جبکہ دوسری سطح پر تعلقات نہیں ہیں۔ ہمیں بہت سے امور پر مل کر چلنا ہے، امید ہے یہ ملاقات آگے بڑھنے کی بنیاد بنے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے واضح پیغام دیدیا ہے کہ یہ مشترکہ عزم پر مل کر عمل کرنے کا وقت ہے، ہم ماضی میں بہت باتیں کر چکے، بہت معاہدے کر لیے، مگر عمل کچھ نہیں ہوا۔

مائیک پومپیو نے بتایا کہ وزیرِاعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے ساتھ اب عملی اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، عملی اقدامات سے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد بحال ہو گا اور یہی اس ملاقات کا مقصد تھا۔

دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ماضی میں بہت معاہدے ہوئے، مل کر آگے بڑھنے کا وقت ہے، عملی اقدامات سے اعتماد بحال ہو گا۔

امریکا نے ایک مرتبہ پھر دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان افغان امن عمل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت سے ملاقات کے بعد امریکی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یو ایس سیکرٹری مائیک پومپیو نے آج وزیرِاعظم عمران خان سمیت دیگر پاکستانی سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ ملاقات کی۔ اس ملاقات میں امریکی جوائنٹ چیف آف جنرل اسٹاف بھی شریک ہوئے

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مائیک پومپیو نے پاکستان میں اقتدار کی منتقلی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیرِاعظم عمران خان کو نئی حکومت کے قیام اور وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

ترجمان سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستانی قیادت کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی کیلئے باہمی تعاون کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مائیک پومپیو نے دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشتگردوں کیخلاف مسلسل اور موثر کارروائی کرے، امید ہے پاکستان دہشتگردی کیخلاف مزید تعاون کرے گا۔

۔