وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گوادر پورٹ بزنس کمپلیکس میں ماربل اینڈ منرل ایکسپو 2018ء کا افتتاح کردیا، افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر زبیدہ جلال سمیت پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام سمیت ملک بھر سے سرمایہ کار شریک تھے۔
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق تقریب سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان معدنیات کے حوالے سے ذرخیز ہے، بس یہاں کی معدنیات سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے، اب تک بلوچستان کی معدنیات کا 15 فیصد بھی استعمال نہیں کیا گیا، اس فیلڈ میں اب تک انتہائی کم سرمایہ کاری کی گئی ہے اور اگر اس سیکٹر پر منصوبہ بندی سے سرمایہ کاری کی جائے تو بلوچستان کو ترقی دی جاسکتی ہے۔
مزید پڑھیں – سعودی عرب سمیت کسی بھی ملک کو بلوچستان بارے پاکستانی فریب میں نہیں آنا چاہیے – اسلم بلوچ
ان کا مزید کہنا تھا کہ گوادر پورٹ اپنے جغرافیائی محل وقوع کی بناء پر خاص اہمیت کا حامل ہے، جس کو معدنیات کی تجارت کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، گوادر پورٹ سے بلوچستان کا تابناک و روشن مستقبل وابستہ ہے، بلوچستان حکومت گوادر کی ترقی کیلئے سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گی، پرائیوٹ سیکٹر اور سرمایہ کاروں کی ماربل اینڈ منرل سیکٹر میں حوصلہ افزائی کرکے بیروزگاری کا خاتمہ اور بلوچستان کو ترقی دی جاسکتی ہے۔
تقریب سے سابق نگراں وزیر چمبر آف کامرس گوادر کے صدر نوید کلمتی، گوادر پورٹ کے چیئرمین میر دوستین خان جمالدینی، چائنہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین مسٹر زونگ باؤ اور دیگر نےبھی خطاب کیا۔