معمولی بجٹ سے بننے والی فلم 100 کروڑ کلب میں شامل

179

 معمولی بجٹ سے بننے والی بالی وڈ فلم نے 100 کروڑ کلب میں شامل ہو کر بڑے بڑے بجٹ سے بننے والی کئی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

بھارتی باکس آفس پر بڑے بڑے ناموں کی فلمیں کروڑوں کی سنچریاں کرتی ہیں اور کئی فلمیں کمائی کے لحاظ سے فلاپ ثابت ہوتی ہیں۔

باکس آفس پر فلموں کی کامیابی کا پیمانہ اسٹار ڈم نہیں رہا ہے بلکہ فلم کی اچھی کہانی اور جاندار اداکاری کے مرہون منت ہے۔

سلمان خان کی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ بڑے بجٹ اور بڑے نام کے باوجود فلاپ ثابت ہوئی اور رواں سال عید پر ان کی ریلیز ہونے والی فلم ’ریس 3‘ میں اداکاری کو بھی بڑی تنقید کا سامنا رہا لیکن اب بھارتی باکس آفس پر ان بڑی فلموں کے مقابلے میں معمولی بجٹ والی فلم نے دھوم مچا رکھی ہے۔

بالی وڈ اداکار راج کمار راؤ اور اداکارہ شردھا کپور کی فلم ’ستری‘ باکس آفس پر کمال کر رہی ہے اور 20 کروڑ کے معمولی بجٹ سے بننے والی فلم 100 کروڑ کلب میں شامل ہو گئی ہے۔

فلم ’ستری‘ کو 31 اگست کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا اور فلم نے 15 روز میں ہی بھارت میں 101 کروڑ 43 لاکھ روپے کا بزنس کر لیا ہے۔

چھوٹے بجٹ والی ’ستری‘ نے کروڑوں کی سنچری کر کے ایک بحث کا آغاز کر دیا ہے اور کئی فلمی پنڈتوں نے اس فلم کو بہترین اداکاری اور اچھی کہانی کی کامیابی قرار دیا ہے۔