مستونگ: مختلف حادثات میں 2 افراد جانبحق، 14 زخمی

138

مستونگ میں مختلف حادثات میں خواتین و بچوں سمیت 2 افراد جانبحق، 14 زخمی

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ضلع مستونگ کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات میں مجموعی طور پر خواتین و بچوں سمیت 2 افراد جانبحق اور 14 زخمی ہوگئے۔

علاقائی زرائع کے مطابق ضلع مستونگ میں مین بائی پاس میجر چوک کے مقام پر کوچ کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار باپ اور بیٹا جانبحق اور خاتون شدید زخمی ہوگئی۔

حادثے میں پیرل خان ولد نور محمد اور ساحل ولد پیرل خان جانبحق جبکہ زیبا زوجہ پیرل خان زخمی ہوگئی جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

مستونگ کے علاقے دشت میں پیش آنے والے روڈ حادثے میں خاتون و بچے سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق دشت کے علاقے سپیزنڈ کے قریب کوئٹہ سے سبی جانے والی کار الٹ گئی جس میں سوار خاتون و بچے سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔جنہیں فوری پر بی ایچ یو ہسپتال سپیزنڈ منتقل کردیا گیا جبکہ شدید زخمی ہونے والے افراد کو شیخ زاہد ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

ضلع مستونگ کلی بچہ آباد میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں مسجد کا پیش امام عبدالمنان ولد محمد حسن شدید زخمی ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کو گلے میں گولی لگی ہے جنہیں ابتدائی طور پر غوث بخش میموریل ہسپتال مستونگ منتقل کرنے کے بعد کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ تاہم فائرنگ کے واقعے کی محرکات معلوم نہیں ہوسکی۔

دریں اثناء مستونگ کے علاقے گردگاپ میں ایک ہی قبیلے کے دو گروہوں میں تصادم کے نتیجے میں7 افراد زخمی ہوگئے جنہیں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔